خبرنامہ سندھ

بحرین کے شاہی خاندان کو شکار کیلئے 7پرمٹ جاری

کراچی: (ملت+اے پی پی) وفاقی حکومت نے بحرین کے بادشاہ شیخ حماد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ سمیت شاہی خاندان کی دیگر اعلیٰ شخصیات کو نایاب پرندوں کے شکار کیلئے 7 خصوصی پرمٹ جاری کردئیے ۔ یہ پرمٹ ملک میں 2016-17ء میں تلور کے شکار کیلئے جاری کیے گئے ہیں۔صوبہ سندھ اور بلوچستان میں نایاب پرندے کے شکار کیلئے جن افراد کو پرمٹ جاری کیے گئے ہیں ان میں بادشاہ کے ایک بزرگ رشتہ دار، ان کے مشیر دفاع، ایک فیلڈ مارشل اور آرمی چیف جبکہ شاہی خاندان کے دیگر دو اراکین شامل ہیں۔ مذکورہ پرمٹ پر وفاقی وزارت خارجہ کے ڈپٹی چیف آف پروٹوکول نعیم اقبال چیمہ نے دستخط کیے اور اسلام آباد میں بحرین کے سفارت خانے کے ذریعے شاہی خاندان کو بھجوا دیا گیا۔ نعیم اقبال چیمہ کی جانب سے شاہی خاندان کو بھیجے گئے خط کے مندرجات کے مطابق بادشاہ سندھ کے علاقے جامشورو ، بادشاہ کے رشتہ دار شیخ ابراہیم بن حماد بن عبداللہ الخلیفہ شاہ بہادر تحصیل ، جان آباد اور ضلع ٹھٹھہ کی سونڈا یونین کونسل ، مشیر دفاع شیخ عبداللہ بن سلمان الخلیفہ ضلع ٹھٹھہ ،فیلڈ مارشل اور دفاعی فورسز کے چیف کمانڈر شیخ خلیفہ احمد الخلیفہ بلوچستان کے ضلع ماشوخیل،بادشاہ کے کزن اور وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ الخلیفہ بلوچستان کے ضلع جعفر آباد میں شکار کریں گے ۔