خبرنامہ سندھ

برطرف پولیس اہلکار سمیت 6 ملزمان گرفتار

کراچی: (ملت+اے پی پی) یوسف پلازہ کے قریب پولیس نے کارروائی کر کے برطرف پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم محمد تیمور ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے چوری کی موٹرسائیکل، اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد ہوا ہے۔ گلشن اقبال اور گلبرگ میں رینجرز نے کارروائیاں کر کے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزموں میں 2 کالعدم تنظیم کے کارندے اور ایک سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کا ملزم شامل ہے۔ گرفتار ملزموں سے اسلحہ اور متعدد گولیاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ سائٹ اور کورنگی سے رینجرز نے 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ حراست میں لیے گئے دونوں ملزموں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔