خبرنامہ سندھ

بقایہ جات نہ ملے تو احتجاج کرینگے

کراچی: (ملت+اے پی پی) میئر کراچی سیاسی جماعتوں کے قائدین، سفارتی نمائندوں اور تاجروں اور حکومتی اہلکاروں سے ملاقاتیں تو خوب کر رہے ہیں لیکن تاحال مزدوروں کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دے رہے۔ یہ کہنا ہے کے ایم سی یونین کا۔ سی بی اے کے مرکزی صدر سید ذوالفقار شاہ کا کہنا ہے کہ میئر کراچی کے اس رویہ سے کے ایم سی ملازمین میں مایوسی پھیل رہی ہے۔ میئر کراچی کے 100 روزہ صفائی پروگرام میں مشینری پول کا عملہ دن رات خدمات انجام دے رہا ہے لیکن جائز اور قانونی مراعات سے محروم ہے۔ فائر فائٹرز کو چار ماہ سے اوور ٹائم بھی نہیں دیا گیا۔ اسی طرح پینشنرز کو بھی جولائی 2015ء سے اکتوبر 2015ء تک اضافی تنخواہ کے واجبات بھی ادا نہیں کئے گئے۔ سی بی اے کے مرکزی صدر نے میئر کراچی سے ملازمین کے مسائل پر توجہ دینے اور ان کے واجبات کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملازمین کو احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے۔