کراچی ۔ 20 مارچ (اے پی پی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں ہندو انتہاپسندوں کے ہاتھوں مویشی کے بیوپاری دو مسلمانوں کے وحشیانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت واقعہ کے مجرموں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دیں تاکہ دوبارہ اس قسم کی دہشتگردی کے خوفناک واقعات نہ دہرائے جا سکیں۔اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق جھارکھنڈ ریاست کے دارلحکومت سے 100کلومیٹر دور لتہار ضلعی کے جنگل میں دو مسلمان بیوپاریوں 45سالہ محمد مظلوم اور 15سالہ آزاد خان عرف ابراہیم کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پھانسی دے کر قتل کیا گیا جس پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس واقعہ سے مجھے دلی صدمہ پہنچا ہے اور تمام دنیا کے انسانی حقوق کے حلقوں کو بھی اس واقعے نے ہلا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ بھارتی اقلیتوں کے خلاف ایسے وحشیانہ عوامل انتہائی المناک ہیں ،اقلیتی برادریوں کا تحفظ ہر ریاست کی اولین فرض ہے اور بھارت کو بھی چاہیے کہ وہ اقلیتوں کو تحفظ فراہم کریں۔