خبرنامہ سندھ

بلاول بھٹوکو سیکیورٹی کی فراہمی سے متعلق کیس

کراچی: (ملت+آئی این پی )سندھ ہائیکورٹ نے چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی سیکیورٹی سے متعلق کیس پر وفاقی حکومت سے وی آئی پی شخصیات کی سیکیورٹی سے متعلق پالیسی طلب کرلی جبکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور ایڈوکیٹ جنرل سندھ کو دوہفتوں میں جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سیکیورٹی سے متعلق سندھ ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے عدالت میں موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ سیاسی ومذہبی رہنماؤں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے سیکیورٹی فراہم کرتی ہے اور جن رہنماؤں کو دہشتگردی سے خطرات لاحق ہوں جائزہ لینے کے بعد سیکیورٹی فراہم کی جاتی ہے۔ایڈوکیٹ جنرل سندھ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کے جانب سے دائر درخواست میں ملک بھر میں سفر کے دوران لائسنس یافتہ اسلحہ والے گارڈز، بْلٹ پروف اور سیاہ شیشوں والی گاڑی استعمال کرنے کی اجازت دینے سے متعلق استداعا کی گئی تھی۔ عدالت نے وفاقی حکومت سے وی آئی پی شخصیات کی سیکیورٹی سے متعلق پالیسی طلب کرتے ہوئے ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور ایڈوکیٹ جنرل سندھ کو بھی دوہفتوں میں جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔