کراچی:(اے پی پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبر پختونخوا، فاٹا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں تیز طوفانی بارشوں اور پہاڑی تودے گرنے کی وجہ سے انسانی جانوں اور املاک کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں فوراً ریسکیو اور ریلیف آپریشنز شروع کئے جائیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ریسکیو کا کام تیزی کے ساتھ ہونا چاہئے تاکہ پہاڑی تودوں کے تلے دبے ہوئے لوگوں کی جانیں بچائی جا سکیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے متاثرہ علاقوں کے پارٹی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ ریسکیو اور ریلیف کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور قدرتی آفت سے متاثر لوگوں کی مدد کریں۔