خبرنامہ سندھ

بلاول بھٹو نے 16اکتوبر کو تاریخی ریلی نکالی تھی: مراد علی شاہ

کراچی(ملت + آئی این پی)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ بلاول بھٹو نے 16اکتوبر کو تاریخی ریلی نکالی تھی اوربلاول بھٹو نے 18اکتوبر 2007 کی بینظیر بھٹو کی ریلی ،شہیدوں کے مشن اور مقصد کو آگے بڑھانے کا عزم کر رکھا ہے اور ہم شہیدوں کا خون رائیگا ں نہیں جانے دیں گے، وہ منگل کو یادگارشہدا کارساز پر فاتحہ اور پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے،انہوں نے کہاکہ میں ریلی کو کامیاب کرانے پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،انہوں نے کہاکہ میں18اکتوبرکو شہدا کی یاد گار پر حاضری دینے آیا ہوں اور لاڑکانہ میں سانحہ کار ساز شہدا کے قبرستان بھی جاؤں گا ۔انہوں نے کہا کہ شہدا کے ورثا کو امداد فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے ، محترمہ بینظیر بھٹو نے 18اکتوبر کے شہدا کے لئے فنڈز قائم کیا تھا ۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی ریلی سے نظیر بھٹو کی یا د تازہ ہوگئی اور بینظیر بھٹو کی ریلی رواں دواں ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسائل بہت ہیں، لیکن ہماری حکومت کے پاس ان کا حل موجود ہے ۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاکہ 18اکتوبر کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ملک میں واپس آنے پر پورے پاکستان کے شہریوں میں خوشی کی کیفیت تھی کہ اب ان کا مسیحا آ گیا ہے جو پاکستان ، پاکستان کی عوام ، مزدوروں ، کسانوں ، شاگردوں ، جیالوں کو غربت سے نجات دلائے گا۔