خبرنامہ سندھ

بلاول بھٹو کا مطالبات منوانے کیلئے لانگ مارچ کا اعلان

گڑھی خدا بخش: (ملت+اے پی پی) بے نظیر بھٹو کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کچھ لوگ صرف پیدا ہوتے ہیں مرتے ہیں لیکن ان کی سوچ زندہ رہتی ہے۔ شہید بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو آج بھی زندہ ہیں۔ پی پی جس مقصد کیلئے بنی تھی کیا وہ پورا ہو گیا؟۔ ان کا مزید کہنا تھا شہید بے نظیر بھٹو نے کبھی ہار نہیں مانی۔ شہید محترمہ نے ثابت کر دیا ڈرتے ہیں بندوقوں والے ایک نہتی لڑکی سے۔ بی بی شہید ہر ظلم کے سامنے پہاڑ کی طرح کھڑی رہی۔ بلاول بھٹو نے کہا بی بی شہید نے جس سوچ کیخلاف جنگ لڑی تھی وہ آج بھی موجود ہے۔ دہشت گردی پر مکمل قابو نہیں پایا گیا۔ بینظیر شہید کے وژن کی جتنی ضرورت کل تھی اتنی ہی آج ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا مجھے اپنی اور پارٹی کی مشکلات کا علم ہے محترمہ کی شہادت کے بعد ملک کو مشکلات نے گھیرا تھا اور ملک ٹوٹنے کا خطرہ تھا لیکن سابق صدر آصف زرداری نے کھپے، کھپے کا نعرہ لگا کر پارٹی اور ملک کو بچایا۔ پیپلز پارٹی کو نئے انداز میں منظم کرنا چاہتا ہوں۔