خبرنامہ سندھ

بلاول سکیورٹی: درخواست پر وفاقی حکومت کو جواب جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت

کراچی (ملت + آئی این پی) سندھ ہائیکورٹ نے بلاول بھٹو زرداری کی سیکورٹی سے متعلق درخواست پر وفاقی حکومت کو جواب جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دیدی ۔سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ میں پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو کی سیکورٹی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی ۔ بلاول بھٹو نے درخواست میں کہا ہے کہ سیکورٹی اداروں کی رپورٹ کے مطابق میری جان کوخطرہ ہے، بلٹ پروف اورسیاہ شیشوں والی کاراستعمال کرنیکی اجازت دی جائے۔ درخواست میں بلاول بھٹو نے کہا کہ غیرجمہوری اورانتہاپسندقوتیں نقصان پہنچاناچاہتی ہیں، میری والدہ کوبھی دہشت گردوں نے نشانہ بنایا تھا۔ سماعت کے دوران سندھ حکومت نے جواب جمع کرادیا ہے جس کے مطابق بلاول بھٹوکومکمل سیکورٹی فراہم کی جارہی ہے اور درخواست گزارکی ضرورت کے مطابق سیکورٹی فراہم کرنے کے لیے تیارہیں جس پر سندھ ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو جواب کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 24 نومبر تک ملتوی کردی۔