خبرنامہ سندھ

بلاول سکیورٹی کیس: وفاق سے جواب طلب

کراچی (ملت + آئی این پی) سندھ ہائیکورٹ نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کوسیکورٹی فراہمی سے متعلق کیس میں وفاق سے جواب طلب کرکے سماعت 14دسمبر تک ملتوی کردی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں بلاول بھٹو زرداری کو سکیورٹی فراہمی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کسی کو خصوصی سکیورٹی فراہم کرنے کے حوالے سے کوئی پالیسی یا قانون نہیں۔بلاول بھٹو کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ بلاول بھٹو کو نجی سیکیورٹی رکھنے کی اجازت دی جائے۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سب سے زیادہ خطرہ وکلاء کو ہے، وکلاء سب سے آسان ٹارگٹ ہیں، قانون کسی شخص کوامتیازی حیثیت نہیں دیتا، ہم حکومت کو قانون کے مطابق سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کر دیتے ہیں۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مو قف اختیار کیا کہ سرحد پر تعینات فوجیوں کی جان کو بھی خطرہ ہوتا ہے، کیا ان کے گھروں پر بھی سیکیورٹی لگا دی جائے جس پر بلاول بھٹو کے وکیل نے کہا کہ بلاول بھٹو پارٹی کے چیئرمین ہیں، انہیں فوجیوں سے کیوں ملا رہے ہیں۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ ان وزراء سے سکیورٹی مانگ رہے ہیں جو آپ سے ملنے دبئی جاتے ہیں۔ وہ وزراء یہاں اپنی سیکیورٹی کے لئے بڑے بڑے قافلوں کے ساتھ گھومتے ہیں، آپ پارٹی کے چیئرمین ہیں۔ آپ نے خود ہی وزیراعلیٰ نامزد کیا ہے، آپ اسی وزیراعلیٰ سے سیکیورٹی مانگ رہے ہیں۔عدالت نے سماعت 14 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے وفاقی سے جواب طلب کر لیا ۔