خبرنامہ سندھ

بلاول پاکستان کا مقدر ہیں: چانڈیو

حیدر آباد: (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف، فنکشنل مسلم لیگ اور آل پاکستان مسلم لیگ کے پچاس سے زائد رہنماؤں اور کارکنان کے پیپلز پارٹی میں شمولیت کے اعلان کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ چودھری نثار کو آہستہ آہستہ پیچھے کیا جائے گا کیونکہ حکومت اور چودھری نثار کے مقاصد علیحدہ علیحدہ ہیں۔ مولا بخش چانڈیو کا مزید کہنا تھا کہ چودھری نثار نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کو ناکام کہنے والے ملک دشمن ہیں تو سب سے پہلے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف ملک دشمن ہیں جنھوں نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد اور مانیٹرنگ کے لئے خصوصی کمیٹی بنائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کا مقدر ہیں، آنے والے دنوں میں پی پی پاکستان پر راج کرے گی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے کہا کہ نواز شریف کو پرویز مشرف نے دس سال کے لئے پاکستان سے باہر بھیجا تھا اور اب نواز شریف نے پرویز مشرف کو ملک سے باہر بھیج دیا ہے۔ اس موقع پر پی پی کے رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔