خبرنامہ سندھ

بلاول کا عبدالستارایدھی کےانتقال پرگہرےدکھ اورافسوس کا اظہار

کراچی: (اے پی پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے لیجنڈ سماجی خدمت گار عبدالستار ایدھی کے ناگہانی انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ہفتہ کو جاری کردہ اپنے تعزیتی بیان میں ملک کے لیجنڈ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج عبدالستار ایدھی کے انتقال سے پاکستان اپنے انسانیت کے علمبردار سے محروم ہو گیا ہے۔ ایدھی نے بغیر کسی رنگ و نسل، ذات پات کے ملک کے غریب لوگوں کی خدمت کی جس کی وجہ سے وہ دنیا میں انسانی خدمت کے علمبردار مانے جاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے اپنی زندگی لوگوں کی خدمت میں گذاری، ان جیسی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں، ان کے انتقال سے آج لاکھوں لوگ یتیم ہو گئے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عظیم محب وطن خداد انسان اور نامور سماجی خدمت گار عبدالستار ایدھی کے انتقال پر ہم غمزدہ ہیں، جس نے اپنی زندگی قوم کی خدمت کے لئے وقف کر دی، وہ ہمارے لئے ایک ورثہ چھوڑ گئے ہیں جو ہماری نسلوں کے لئے باعث حوصلہ رہے گا اور ان کی یادیں ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پارٹی کی جانب سے تین روزہ سوگ منایا جائے گا۔ انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کریں۔ بلاول بھٹو زرداری نے عبدالستار ایدھی کے خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ رب کریم مرحوم پر اپنی رحمتیں برسائے اور مرحوم کے اہل خانہ کو سماجی خدمت کے کام کو جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔