بلاول کا ہولو گرام ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ
لاہور: (ملت آن لائن) ہولو گرام ٹیکنالوجی مخاطب کو تکنیکی طور پر قریب لاتی ہے۔ آپ کہیں بھی ہوں، ٹیکنالوجی کی بدولت آپ کو ایسے ہی دیکھا جا سکتا ہے جیسے حقیقتاً آپ سامنے ہیں۔ تصویر اور روشنی کا اس انداز سے ملاپ کیا جاتا ہے کہ اسی شخص یا چیز کا عکس بن جاتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی سے وہ عکس آپ کے سامنے کھڑے ہو کر یا بیٹھ کر بات بھی کرتا ہے۔ ہولو گرام ٹیکنالوجی میں ریکارڈ اور لائیو دونوں انداز سے آپ کو دکھایا جا سکتا ہے۔
اب یہ ٹیکنالوجی سیاسی جماعتوں کی ضرورت بننے لگی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے بھی ہولوگرام ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے۔ بلاول بھٹو اتوار کو 30 شہروں میں ہولوگرام ٹیکنالوجی کے ذریعے خطاب کریں گے۔ بلاول بھٹو ہولوگرام ٹیکنالوجی کے ذریعے گولڈن جوبلی کی تیاریوں پر خصوصی پیغام دیں گے۔ عام انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہولو گرام ٹیکنالوجی کے بھرپور استعمال کا فیصلہ کیا ہے۔ بلاول بھٹو کی ٹیم نے ہولوگرام پر تجربات کر لئے ہیں۔ اتوار سے ٹیکنالوجی کے استعمال کا باضابطہ آغاز کیا جائے گا۔ تحریک انصاف بھی ہولو گرام ٹیکنالوجی کے استعمال کے لئے متعدد تجربات کر چکی ہے۔ ہولوگرام ٹیکنالوجی کے ذریعے عمران خان کے جلسوں سے خطاب کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔