بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دلوانے کیلئے زور لگائیں گے’ مصطفی کمال
کراچی: (ملت آن لائن) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال نے دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے نسلی بنیادوں پر سیاست نہیں کرنی، کھلے دل کیساتھ معاملات کو آگے بڑھانا چاہتا ہوں، اپنی ذات سے بالاتر ہو کر شہریوں کے لئے کام کرنا چاہتا ہوں۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ متحدہ بانی کیساتھ جڑے ہوئے لوگ پاکستان کو گالیاں دے رہے ہیں، متحدہ بانی کیساتھ جڑے ہوئے لوگوں کیساتھ الحاق کا سوچ بھی نہیں سکتے، متحدہ بانی کیساتھ رہنے والوں کو کہتا ہوں کہ پاکستان کا ساتھ دو، متحدہ بانی کیساتھ الحاق کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ سربراہ پی ایس پی نے مزید کہا کہ بات چیت شروع کرنے سے اعتماد بڑھے گا، میری نیت ٹھیک ہے، اپنی ذات سے باہر نکل کر اچھے فیصلے کر لیں گے، ہمارے بڑے بڑے فیصلوں سے لوگ حیران ہو رہے ہیں، شہر تباہ و برباد ہو گیا ہے، پورا سندھ ہی تباہ و برباد ہو چکا ہے، اٹھارہ دن سڑکوں پر مسائل کے حل کے لئے دھرنا دیا تھا، فاروق بھائی کیساتھ مل کر مسائل کے حل اور بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دلوانے کے لئے زور لگائیں گے۔ مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ جس کے پاس بھی حکم دینے کا اختیار ہو گا، مل کر کام کرونگا، میرے پاس ایڈمنسٹریٹو اختیار نہیں لیکن ان کو مشورے دینے کیلئے تیار ہوں، عام آدمی تباہ و برباد ہو چکا ہے، عام آدمیوں کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، عام آدمی کے مسائل کے حل کیلئے اپنی خواہشات کو ایک طرف کر دیا ہے، جب یہ متحدہ بانی کے مینڈیٹ کو چھوڑ دیں گے، ہم بھی اپنے رہنماؤں سے استعفیٰ لے لیں گے۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ انیس قائم خانی اپنی ذات میں ایک تحریک، ایک ادارہ ہیں، انیس قائم خانی کسی عہدے کے محتاج نہیں، انیس قائم خانی جہاں بھی رہیں گے ہمارے بڑے رہیں گے، حماد صدیقی پی ایس پی کے ورکر نہیں ہیں، حماد صدیقی کا بلدیہ ٹاؤن کی فیکٹری سے تعلق نہیں، بلدیہ فیکٹری میں آگ لگی نہیں، لگائی گئی تھی، یہ لمبی تفصیلات ہیں۔