کراچی۔ (ملت آن لائن) بلدیہ عظمی کراچی اورنگی ٹاؤن پراجیکٹ اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے فٹ بال چورنگی مارکیٹ، مین روڈ مومن آباد مارکیٹ، 6 ای مجاہد آباد ندی پر قائم تعمیرات کو مسمار کر دیا۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اورنگی پروجیکٹ کے افسران نے اسسٹنٹ کمشنر مومن آباد نذیر میمن کے ہمراہ آپریشن میں حصہ لیا۔ میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایات اور اورنگی ٹاؤن کے منتخب نمائندوں کی شکایات پر کاروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے بھی تجاوزات ہٹا دی گئیں۔ مومن آباد مارکیٹ سے تجاوزات ہٹانے میں شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ قبضہ مافیا نے شاول پر چڑھ کر آپریشن روکنے کی کوشش کی۔ پولیس کی بھاری نفری اس موقع پر موجود تھی۔ آپریشن ٹیم نے مزاحمت کے باوجود روڈ کلیئر کردیا۔ تمام پتھارے، ایکسٹرا لینڈ پر قائم دکانوں کے اسٹرکچر گرادیئے گئے۔ غیر قانونی تعمیرات گرا دی گئیں۔ بند گلیوں سے رکاؤٹیں ہٹا کر گلیوں کو کلیئر کردیا گیا ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر اورنگی جاوید مصطفی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔