خبرنامہ سندھ

بلدیہ فیکٹری کیس،نامزدملزم علی حسن کی درخواست ضمانت مسترد

کراچی: (آئی این پی) کراچی کی مقامی عدالت نے سانحہ بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کیس میں ملزم علی حسن کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔علی حسن کو نئی جے آئی ٹی میں ملزم نامزد کیا گیا تھا۔ سانحہ بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کیس کی سماعت کے دوران ملزم ارشد ،فضل احمد ،شاہ رخ ،منصورو دیگر کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ فیکٹری مالکان کے حوالے سے عدالت کے استفسار پر وکیل کا کہناتھا کہ فیکٹری مالکان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی گئی ہے جس پر متاثرین کے وکیل نے کہا کہ فیکٹری کے مالکان 2014سے پیش نہیں ہو رہے۔اس موقع پراسپیشل پبلک پراسکیوٹر نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ کیس کا چالان ایک ہفتے میں اے ٹی سی کورٹ میں پیش کردیا جائے گا۔ عدالت نے کیس کی سماعت 20 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے نئی جے آئی ٹی میں نامزد ملزم علی حسن کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ ملزم کی عدم موجودگی کے باعث درخواست ضمانت مسترد کی گئی۔