بچوں سے زیادتی کی کوشش کے الزام میں امام مسجد سمیت 3 افراد گرفتار
کراچی:(ملت آن لائن)عزیز آباد، بلوچ کالونی اور جمشید کوارٹر پولیس نے 2 کمسن لڑکیوں اور نوعمر لڑکے کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کرنے کے الزام میں نجی اسکول کے مالک، مالک مکان اور پیش امام کو گرفتار کرلیا۔ عزیز آباد پولیس نے کمسن لڑکی کو ہراساں کرنے کے الزام میں اسکول کے مالک مرزا اورنگزیب کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ او جمال لغاری نے بتایا کہ لڑکی کے والد عظیم خان کا کہنا ہے کہ اسکول کے مالک کی جانب سے اس کی 8 سالہ بیٹی جو کہ دوسری کلاس میں زیر تعلیم ہے اسے چند روز قبل ہاف ٹائم کے دوران ہراساں کرنے کی کوشش کی تھی جس پر بچی وہاں سے بھاگ نکلی۔ گھر آئی تو خوفزدہ سی دکھائی دی جبکہ دوسرے روز وہ اسکول بھی نہیں گئی۔
جس پر اہلخانہ نے بچی سے معلومات حاصل کی تو اس نے تمام صورتحال سے آگاہ کیا۔ نجی اسکول گلشن شمیم میں واقع مکان کے گراؤنڈ فلور اور سیکنڈ فلور پر بنا ہوا ہے جبکہ پہلی منزل پر اسکول کا مالک خود رہائش پذیر ہے اور اس کی والدہ بھی اس کے ہمراہ رہائش پذیر ہیں۔ بلوچ کالونی پولیس نے کرایے دارکی بیٹی کو مبینہ طور پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں مالک مکان کو خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کرلیا۔
لڑکی کے والد نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ واقعہ رواں ماہ 4 فروری کو پیش آیا تھا۔ جمشید کوارٹر پولیس نے بچے کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا، ایس ایچ او شمشاد نے بتایا کہ لسبیلہ کے رہائشی 10 سالہ لڑکے کے ساتھ ملزم قاری محمد خالد نے زیادتی کی کوشش کی تھی اور اس میں وہ زخمی بھی ہوگیا تھا تاہم بچہ وہاں سے بھاگ جانے میں کامیاب ہوگیا۔ انھوں نے بتایا کہ لڑکے کے وہاں سے بھاگ جانے کے بعد ملزم شہر سے فرار ہو رہا تھا اور وہ لسبیلہ چوک کے قریب اندرون ملک جانے والی کوچ میں سوار ہوگیا تھا جسے پولیس نے وہاں پر چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا، ملزم کا آبائی تعلق ملتان سے ہے۔