کراچی:(اے پی پی)بھارت سے رہا ہونے والے9 ماہی گیر لاہور سے کراچی کینٹ اسٹیشن پہنچ گئے ،جن میں سے 6 کا تعلق کراچی اور 3 کا تعلق ٹھٹھہ سے ہے ۔ بھارت سے رہا ہونے والے 9 ماہی گیر لاہور سےآج صبح کراچی کینٹ اسٹیشن پر پہنچ گئے۔رہا ہونے والے ماہی گیروں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مچھلی کا شکار کرنے گئے تھے وہاں سے نیوی نے حراست میں لے لیا ۔ پہلے تھانے میں رکھا پھر جام نگر جیل میں منتقل کردیا۔ جیل میں ہم سے مختلف امور پر تفتیش کی جاتی تھی۔ بھارت میں علاج معالجے کی بھی تمام سہولیات تھیں۔ ماہی گیروں نے یہ بھی بتایا کہ ہمارا ایک ساتھی محمد رفیق ابھی بھی بھارتی جیل میں ہی قید ہے۔ فشر فوک فورم کے ترجمان کمال شاہ کا کہنا تھا کہ 100 سے زائد پاکستانی ماہی گیرابھی بھی بھارت کی قید میں ہیں۔پاکستان کے مقابلے میں بھارت کم ہی ماہی گیروں کو رہا کرتا ہےاور پاکستانی حکومت کو چاہیے کہ بھارت پر ماہی گیروں کو رہا کرنے کے لئے دباؤ بڑھایا جائے۔