بہادرآباد کے ساتھ تنظیمی اختلافات ہیں جسے حل کریں گے: فاروق ستار
کراچی:(ملت آن لائن) ایم کیو ایم پی آئی بی گروپ کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہےکہ بہادرآباد کے ساتھ تنظیمی اختلافات ہیں جسے حل کریں گے اور آئندہ اںتخابات میں مستحکم ایم کیوایم قائم کریں گے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ بہادرآباد کے ساتھ تنظیمی مسئلہ ہے جسے حل کرلیں گے، کل شام مثبت نتیجے پر پہنچنے کے بعد اپنی کوششیں کی ہیں۔
سینیٹ الیکشن: ایم کیو ایم کے دھڑوں میں معاملات طے پا گئے
انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی سیٹ کا مسئلہ ایک علامت ہے یہ اصل بیماری یہ نہیں، تنظیم کو چلانے اور رابطہ کمیٹی کے حوالے سے اختلافات ہیں اب میڈیا میں بات آگئی ہے اس لیے مجھے کچھ نہیں چھپانا۔ ایم کیوایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہم دوبارہ بیٹھیں گے اور بنیادی تنظیمی مسئلہ حل کریں گے، 2018 کے انتخابات میں پہلے سے زیادہ مضبوط مستحکم ایم کیوایم قائم کریں گے۔ فاروق ستار نے مزید کہا کہ میری ضد یا انا کسی حوالے سے نہیں، میری عملداری ہے، میری عزت اور احترام دل سے ہونا چاہیے، ایک بے اختیار اور با اختیار سربراہ میں فرق ہونا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ متحدہ کے ایم پی ایز نے سی ایم ہاؤس میں ڈنر کیا لیکن انہیں وہ ہضم نہیں ہوا، ہمارے ایم پی ایز پارٹی کو جواب دہ ہیں، یہ مڈل کلاس کے ایم پی ہیں، ملک میں سردار اور جاگیرداروں کی سیاست ہے، پیسوں کی چمک ان پر اثر انداز نہیں ہوگی، آج ان کی آزمائش ہے۔
عامر خان کی میڈیا سے گفتگو
دوسری جانب ایم کیوایم بہادرآباد گروپ کے رہنما عامر خان نے سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایم کیوایم کو نقصان پہنچانے کا سوچنے والے مایوس ہوں گے، ایم کیوایم متحد ہے اور رہے گی، پوری طاقت کے ساتھ کھڑی ہے اور قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو مؤقف گزشتہ روز خالد مقبول صدیقی نے رکھا وہی ہم سب کا ہے، سینیٹ الیکشن کا مرحلہ نکل جائے اور بہتری آئے گی۔