خبرنامہ سندھ

بیگم نصرت بھٹو نے بحالی جمہوریت کیلئے لازوال قربانیاں دیں: مراد علی شاہ

کراچی(ملت + آئی این پی)وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی پانچویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو نے بحالی جمہوریت کیلئے لازوال قربانیاں دیں، آمر جنرل ضیاء الحق کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے بدترین ریاستی تشدد کا سامنا کیا،لیکن بیگم نصرت بھٹو نے بہت دلیری اور بہادری کے ساتھ ضیاء آمریت کے منفی ہتھکنڈوں کا نہ صرف سامنا کیا،بلکہ اپنے عزم اور حوصلے کے ذریعے ضیاء آمریت کے ہر ہتھکنڈے کو شکست دی اور پارٹی کارکنوں کو حوصلہ اور ہمت دی اور وہ ہر قدم پر کارکنوں کی ہمت افزائی کرتی رہیں۔ انہوں نے بحالی جمہوریت کی جدوجہد میں اپنے شوہر شہید ذوالفقار علی بھٹو اور اپنے دو بیٹوں مرتضیٰ بھٹو اور شاہنواز بھٹو کی جانوں کے نذرانے پیش کئے لیکن بیگم نصرت بھٹو نے اس ظلم پر بھی صبر اور برداشت کا مظاہرہ کیا اور عوام کی رہنمائی کر تی رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد کارکنوں کیلئے مشعل راہ ہے اور ان کی جمہوریت کیلئے جدوجہد اور قربانیاں تاریخ کا سنہرا باب ہیں۔