خبرنامہ سندھ

تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں ملک میں انقلابی تبدیلیاں لائے گی ، امیر بخش بھٹو

پی ٹی آئی

کراچی۔ (ملت آن لائن) سوئی سدرن گیس CBAیونین کے سابق چیئر مین ، آل پاکستان لیبر رائٹس ایکشن کمیٹی کے مرکزی رہنما اور تحریک انصاف کے ورکر ریاض اختر اعوان نے انصاف ہاؤس کراچی میں تحریک انصاف سندھ کے صدر امیر بخش بھٹو سے ملاقات کی اور انہیں سوئی سدرن گیس ،پی آئی اے ، پاکستان ریلوے، پورٹ قاسم، پاکستان اسٹیل مل، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ،کے الیکٹرک ،ٹیکسائل ملوں ، گارمنٹ فیکٹریوں ، کیمیکلز فیکٹریوں ، شپ بریکنگ انڈسٹریز اور بینکوں کے ملازمین کے ساتھ ہونے والی ظلم و زیادتیوں سے آگاہ کیا اور انہیں بتایا کہ تمام ملوں، فیکٹریوں، کارخانوں میں لیبر کے حقوق جو کہ 1973ء کے آئین میں متعین ہیں کی بھرپور خلاف ورزی کی جا رہی ہے اور لیبر لاء پر کسی بھی ادارے میں عملدر آمد نہیں ہو رہا۔ ملازمین کو نوکریوں سے بلاوجہ برطرف کیا جا رہا ہے اور دیگر طرح طرح کی ظلم و زیادتیاں اور نا انصافیاں ہر ادارے میں رواں رکھی جا رہی ہیں ۔ ٹھیکیداری لیبر سپلائی سسٹم سے مزدوروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے، ٹھیکیداری نظام ختم کیا جائے ۔اس موقع پر تحریک انصاف سندھ کے صدر امیر بخش بھٹو نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عمران خان کی قیادت میں اندرون و بیرون ملک کام کرنے والے افرادی قوت کے حقوق کا بھر پور تحفظ کرے گی۔ 1973ء کے آئین کے مطابق لیبر لاء میں جو بھی حقوق لیبر کے لئے متعین کئے گئے ہیں اس پر بھرپور عمل کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے سیاست دانوں نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور آج جب یہ لوگ احتساب کے شکنجے میں آرہے ہیں تو یہ احتساب سے اپنے آپ کو بچانے کے لئے جمہوریت خطرے میں ہے کا راگ الاپ رہے ہیں ۔ آج ہمیں حکومت ملنے کے ساتھ ساتھ قومی خزانہ بھی مکمل طور پر خالی ملا ہے جسے ہم اپنی دیانت داری، سچائی اور اپنی شاندار پالیسیوں کی بدولت آنے والے چند مہینوں میں بھر دیں گے اورانہوں نے کہا کہ عوام مسترد اور مایوس سیاست دانوں کی باتوں میں مت آئیں اور تحریک انصاف کی حکومت اور عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں انشاء اللہ وہ وقت جلد از جلد آنے والا ہے کہ جب پیار اپاکستان عمران خان کی قیادت میں دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرے گا۔ عوام ان لٹیرے سیاست دانوں کے خلاف سینہ سپر ہو جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ محب وطن اور دیانت دار سیاست دان جو کہ اپوزیشن میں موجودہیں ہمارا بھرپور ساتھ دیں گے۔ عنقریب میں محنت کشوں کے تمام مسائل عمران خان کے سامنے پیش کرونگا اور محنت کشوں کے ساتھ خواہ وہ کسی بھی ادارے میں کام کرتے ہوں ظلم و زیادتی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی اور بے لگام بیوروکریسی اپنے آپ کو درست کر لے ۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے کارکن محمد شیر اور عبد الرحمن بھی موجود تھے اور انہوں نے بھی مزدوروں کے ساتھ ہونے والی ظلم و زیادتیوں سے متعلق امیر بخش بھٹو کو آگاہ کیا