خبرنامہ سندھ

تحریک انصاف کا اسلام آباد دھرنا کرپٹ حکمرانوں کے تابوت پر آخری کیل ثابت ہوگا

کراچی(ملت + آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے نائب صدر راجہ اظہرخان نے کہا ہے کہ 2نومبرکرپٹ حکمرانوں کے خاتمے کا دن ہوگا ،کراچی ریجن کے کارکنان کا مختلف وفود کی شکل میں 25اکتوبر سے روانگی کا سلسلہ شروع ہو جائے گااگر پاناما چور حکمرانوں نے ہمارے راستے میں روڑے اٹکانے کی کوشش کی توپھر دما دم مست قلندر ہوگا،وہ منگل کو ضلع کورنگی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر پارٹی کارکنا ن سے بات چیت کررہے تھے، اس موقع پر تحریک انصاف کراچی ریجن کے جوائنٹ سیکریٹری عبد الرحمن ، عابد جیلانی، رفاقت عمر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔راجہ اظہر خان نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کا اسلام آباد دھرنا کرپٹ حکمرانوں کے تابوت پر آخری کیل ثابت ہوگا ،پاکستانی قوم کرپشن ، اقربا پروری کے اس فرسودہ نظام سے تنگ آچکے ہیں ۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اس وقت 98فیصدعوام کی آخری امید ہیں ، بد قسمتی سے اس ملک کے وسائل پر 2فیصد طبقہ قابض ہے اسی لئے ان 2فیصد لوگوں کے بینک بیلنس اور اثاثوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور ملک کے آدھے سے زائد آبادی کے لوگ 2وقت کی روٹی کے حصول کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں ۔ملک کی ترقی و خوشحالی اور کرپشن کے خاتمے کے لئے تحریک انصاف کراچی کے کارکنا ن اسلام آباد دھرنے میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے۔