تحریک جاری رہے گی، روک سکو تو روک لو: عالمگیر
کراچی:(ملت آن لائن) پانی سے دھلائی اور ٹھکائی بھی فکس اِٹ والوں کے حوصلے پست نہ کر پائی۔ کراچی کی مقامی عدالت میں ساتھیوں اور اپنی ضمانت کے لئے آنے والے فکس اِٹ کے بانی عالمگیر خان پولیس رویئے پر پھٹ پڑے، کہتے ہیں ہم نے آئی جی کو اختیار دلوانے کیلئے جیلیں بھگتیں، ماریں کھائیں اور آج پولیس ہمیں ایف آئی آر کی کاپی تک نہیں دے رہی۔ عالمگیر نے سندھ حکومت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی تحریک جاری رہے گی، روک سکو تو روک لو۔ عالمگیر خان کا کہنا تھا کہ وہ سندھ کے کرپٹ تعلیمی نظام کے خلاف جنگ کر رہے ہیں۔
عدالت نے فکس اِٹ کے دیگر گرفتار کارکنوں کی فی ملزم پانچ ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی۔ تاہم عالمگیر کی ضمانت غلط عدالت میں لگانے کے باعث مسترد ہو گئی۔ ضمانت مسترد ہونے کے بعد عالمگیر وکلاء کے ہمراہ سیشن کورٹ پہنچے جہاں ان کی 10 ہزار روپے کے عوض ضمانت منظور کر لی گئی۔