خبرنامہ سندھ

ترقی کا دارومدار افرادی قوت وفنی مہارت پر ہے ، گورنر سندھ

کراچی (ملت + آئی این پی) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی اور خوشحالی کا دارومدار اس کی افرادی قوت اور فنی مہارت پر ہوتا ہے یہ بھی ایک واضح حقیقت ہے کہ کسی بھی ملک کی صنعتی ترقی کے لئے ہنر مند افراد کی اشد ضرورت ہو تی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن ( نیو ٹیک ) نے وزیراعظم یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام ( PMs Youth Skill Development Programe) کے ابتدائی دو مراحل کو کامیابی سے مکمل کیا ہے جو کہ ملک کے نوجوانوں کو روزگار کے کامیاب حصول میں مدد گا ر ثابت ہو رہا ہے جس سے یقیناًہمارے ملک سے غربت کے خاتمہ میں مدد ملے گی اور ملکی معیشت مضبوط ہو گی،وہ اتوار کو گورنر ہاؤس میں وزیر اعظم کے یوتھ اسکل ڈیویلپمنٹ پروگرام کے زیر اہتمام ٹول کٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے،تقریب میں شعبہ صنعت و تجارت کے اراکین ، تعلیمی و تربیتی اداروں کے سربراہان سمیت اعلیٰ حکام بھی شریک تھے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اگر ہم اپنی افرادی قوت کو بہتر طور پر فنی مہارت اور تربیت دینے میں کامیاب ہو جائیں تو بہت جلد ہمارا وطن دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں ،ملک کی 60فیصد آبادی کی صلاحیتوں کا درست استعمال اشد ضروری ہے نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر تیز رفتار ترقی و خوشحالی کا خواب حاصل کیا جا سکتا ہے،ہنر مند نوجوانوں کو نجی شعبہ میں باآسانی ملازمت فراہم کی جا سکتی ہے، نوجونواں کی تربیت کے لئے معیاری اداروں کے انتخاب پر کمیشن مبارکباد کا مستحق ہے، جبکہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کی تحت اس پروگرام میں ملک بھر کے 50 ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جانا نہایت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر صنعت کاروں اور ملازمین سے درخواست کرتا ہوں کہ ملک سے بیروزگاری کے خاتمہ کے لئے اپنا حصہ ڈالیں اور جن نوجوانوں نے فنی تربیت مکمل کرلی ہے ان کو اپنی صنعتوں میں اپرنٹس شپ کے ذریعہ یا مستقبل ملازمت کی صورت میں روزگار فراہم کریں ، انڈسٹری نمائندوں سے درخواست ہے کہ وہ ٹیکنیکل اور ووکیشنل سیکٹر میں عالمی معیار کے ادارے بھی قائم کریں ، حکومت اور آپ مل کر کوشش کرینگے تو صوبہ سے بیروزگاری کاخاتمہ یقینی ہے۔انہو ں نے کہا کہ یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ ہنر مندی کی اس تربیت کے دوران نہ صرف مفت تعلیم و تربیت دی جارہی ہے بلکہ نوجوانوں کو ماہانہ وظائف کے ساتھ ساتھ کورسز کی تکمیل کے بعد مختلف شعبہ جات میں ٹول کٹس بھی مفت فراہم کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم ہی انسان کو ترقی کا قابل اعتماد وسیلہ اور ملکی خوشحالی کا ضامن ہے ہمارے نوجوان زیادہ سے زیادہ ٹریننگ حاصل کریں اور ہنر مند بن کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے بھرپور کردار ادا کریں ، ہمیں ایک خوشحال معاشرہ کی تشکیل کے لئے قومی جذبہ سے کام کرنا ہوگا ایک بہتر مستقبل کے لئے پاکستان کے ہر فرد کو بڑا بھرپور اور جاندار کردار ادا کرنا ہوگا۔ تقریب سے خطاب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک ذوالفقار چیمہ نے کہا کہ مارکیٹ میں دستیاب ملازمت کے مواقعوں کے مطابق تربیت کی فراہمی سے نوجوانوں کو روزگار کے حصول میں نمایاں مدد ملے گی،اگلے سال سے تربیت کے لئے منتخب کئے جانے والے نوجوانوں کی تعداد ایک لاکھ کردی جائے گی، انہوں نے کہا کہ تربیت پانے والے نوجوانوں کے مابین مسابقتی مقابلوں کے انعقاد سے ان کی صلاحیتوں کے اضافہ میں مدد ملتی ہے، تقریب سے خطاب میں ایوان صنعت و تجارت کراچی کے صدر شمیم احمد فرپو نے کہا کہ کراچی چیمبر تربیت یافتہ نوجوانوں کو روزگار کی فراھمی میں ہرممکن تعاون کرے گا۔