خبرنامہ سندھ

تمام بڑے مسائل کے حل کیلئے کام کر رہا ہوں: مراد علی

کراچی: (ملت+اے پی پی) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ میری ساری توجہ ترقیاتی کاموں پر ہے، شہر کے تمام بڑے مسائل کے حل کے لئے کام کر رہا ہوں۔ لوکل گورنمنٹ سےمتعلق وزیراعلیٰ ہاؤس میں سیمینار منعقد کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیسے جاری کرنا پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا کام ہے، میرا نہیں۔ ہمارے پاس جو وسائل ہیں اس پر کام کرنا ہے۔ ہم نےکوشش کی ہے کہ ہر یو سی کو فنڈز فراہم کریں۔ آصف زرداری نے اپنے اختیارات سے دستبردار ہو کر صوبوں کو طاقتور بنایا۔ میں خود حیدرآباد میں پڑھا ہوں، مجھے پورا سندھ عزیز ہے۔ ہم سب نے مل کر اسے تباہ کیا ہے، یہ ہم سب کا قصور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صوبے کی خدمت کرنے کے لیے آئے ہیں، میری ساری توجہ ترقیاتی کاموں پر ہے۔ شہر کے تمام بڑے مسائل کے حل کیلئے کام کر رہے ہیں۔ سمینار میں سوال جواب کے دوران میونسپل کمیٹیوں اور میونسپل کارپوریشنز کے چئیرمین اختیارات میں کمی سے متعلق پھٹ پڑے اور متعدد مطالبات کیے اور اختیارات میں کمی کا رونا بھی روتے رہے۔ تقریب کے پہلے سیشن کی صدارت وزیر بلدیات جام خان شورو نے کی۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوکل گورنمنٹ کو درپیش چیلنجز سے آگاہ ہیں۔ بلدیاتی حکومتوں کو مختلف مسائل درپیش ہیں۔ لوکل گورنمنٹ کو سیاستدانوں کی نرسری کہا جاتا ہے۔ بلدیاتی حکومتوں کا مقصد عوام کے بنیادی مسائل حل کرنا ہے۔