خبرنامہ سندھ

تھانہ کلچر سے شہری بیزار ہیں‘ تھانہ کلچر کو تبدیل کرنے کا آغاز کردیا ہے،آئی جی سندھ

کراچی (ملت + آئی این پی) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ تھانہ کلچر سے شہری بیزار ہیں‘ تھانہ کلچر کو تبدیل کرنے کا آغاز کردیا ہے‘ ہم نے اپنے مسائل کا خود حل کرنا ہے کوئی باہر سے آکر ہمارے مسائل حل نہیں کرے گا‘ ٹریفک مسائل کے حل کے لئے دو ہزار سے زائد اہلکار بھرتی کئے ہیں‘ رپورٹنگ رومز کے قیام سے بنیادی تبدیلی آئے گی۔ جمعہ کو تھانہ گلبرگ میں رپورٹنگ روم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی خواجہ نے کہا کہ رپورٹنگ روم میں شہری اپنی شکایات درج کراسکتے ہیں۔ آج سے تھانہ کلچر کو تبدیل کرنے کا آغاز کردیا حالیہ تھانہ کلچر سے شہری بیزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار سرکاری وسائل سے عوام کے لئے رپورٹنگ روم بنایا ہے ہم نے اپنے مسائل کا حل خود کرنا ہے کوئی باہر سے آکر ہمارے مسائل حل نہیں کرے گا۔ کراچی شہر ٹریفک کے مسائل سے دوچار ہے ٹریفک مسائل کے حل کے لئے دو ہزار سے زائد اہلکار بھرتی کئے ہیں۔ ان کی ٹریننگ جاری ہے۔ رپورٹنگ رومز کے قیام سے بنیادی تبدیلی آئے گی۔