خبرنامہ سندھ

تھرمیں غیرقانونی شکار، قطری خاندان کے خلاف مقدمہ درج

تھرمیں غیرقانونی شکار، قطری خاندان کے خلاف مقدمہ درج
سندھ(ملت آن لائن)سندھ کے محکمہ وائلڈ لائف نے ضلع تھر میں متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان کے لیے مخصوص جگہ پر غیرقانونی شکار کرنے پر قطری شاہی خاندان کے خلاف کیس درج کرلیا۔ محکمہ وائلڈ لائف کے افسر اشفاق میمن نے بتایا کہ قطری گروہ کو ممنوعہ علاقے میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث دیکھا گیا اور اس کے بعد انہیں مقامی پولیس کی مدد سے نکال بھی دیا گیا۔ اشفاق میمن نے مزید بتایا کہ مذکورہ پارٹی کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت فرسٹ آفینس رپورٹ (ایف او آر) درج کی گئی اور اس معاملے کی انکوائری جاری ہے۔ قطری شہزادے شیخ فہد عبداللہ عبدالرحمان الثانی کی سربراہی میں ایک گروپ سندھ کے صحرائی علاقے تھر پہنچا اور وہاں کیمپ لگا کر دو روز تک شکار بھی کیا۔ تلور کے شکار کیلئے قطری شہزادے صحرائے تھل پہنچ گئ دلچسپ بات یہ ہے کہ قطریوں کو نا صرف تھر کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی فراہم کی گئی بلکہ رینجرز کی سیکیورٹی بھی ملی۔ متحدہ عرب امارات کو جب قطری گروہ کی سرگرمیوں کے بارے میں اطلاعات موصول ہوئیں تو پاکستان سے احتجاج کیا گیا اور پھر دو روز کے شکار کے بعد انہیں علاقے سے نکال بھی دیا گیا۔ تاہم اس سے قبل کسی محکمے نے قطری گروہ کی کوئی دستاویزات بھی چیک نہیں کیں۔ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ قطریوں کو ابتدا میں سفارتی قواعد کو دیکھتے ہوئے 2 روز کے لیے مشروط اجازت دی گئی لیکن پھر متعلقہ ادارے کا اجازت نامہ نہ ہونے پر انہیں واپس بھیج دیا گیا۔ مذکورہ علاقہ اماراتی شاہی خاندان کو 70 کے اوائل سے دیا جارہا ہے۔