تھرپارکر:(آئی این پی ) تھرپارکر میں غذائی قلت سے بیمار بچوں کی اموات کا سلسلہ نہ رک سکا ، مزید دو بچے دم توڑ گئے ۔ سول ہسپتال مٹھی میں چار سالا جمیلہ اور ایک نومولود بچہ بھی دم توڑ گیا ۔ 65 روز میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 195 ہو گئی ہے ، دوسری جانب مفت امدادی گندم کی تقسیم بھی سست روی کا شکار ہے ۔ دور دراز علاقوں میں ابھی تک امدادی گندم پہنچ نہ پائی ہے اور ہزاروں مکین امداد کے منتظر ہیں ۔ صحت کی سہولیات کا دیہاتی علاقوں میں فقدان برقرار ہے اور ڈسپنسریوں میں ادویات کی قلت بھی برقرار ہے جب کہ مال مویشی کا گھاس مکمل ختم ہو گیا ہے اور مکین اپنے مال مویشیوں کے ہمراہ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں ۔