تھرپارکر(آئی این پی )تھرپارکر میں غذائی قلت کا شکار ایک حاملہ خاتون اور تین بچے جاں بحق ہو گئے۔اس طرح گزشتہ68روز میں مرنے والے بچوں کی تعداد 240ہو گئی جبکہ 6حاملہ خواتین جاں بحق ہو چکیں۔ ڈیڑھ سو سے زائد بچے ابھی بھی مختلف ہسپتا لو ں میں زیر علاج ہیں۔تفصیلات کے مطابق سول اسپتال مٹھی میں 30سالہ خاتون سرھی زوجہ قاسم دوران زچگی دم توڑ گئی جبکہ اس کا نومولود بچہ بھی ہلاک ہو گیا۔ دریں اثناء مٹھی سول اسپتال میں ایک اور پانچ سالہ بچہ دیدار علی ولد مشتاق جاں بحق ہو گیا۔ تحصیل اسپتال اسلام کوٹ میں 6ماہ کی بچی سمیتا دختر گوتم بھی دم توڑ گئی۔ اعدادو شمار کے مطابق 68روز میں مرنے والے بچوں کی تعداد 240ہو گئی ۔بدھ کوتھرپارکر کے سر کا ر ی اسپتالوں سے دو بچوں کو حیدرآباد منتقل کیا گیا۔ ڈیڑھ سو سے زائد بچے ابھی بھی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ تھر کے باسیوں کا کہنا ہے کہ ابھی اسپتال انتظامیہ ہمارے بچوں کو علاج کے لیے اسپتال داخل نہیں کر رہے ہیں اور ریفر کا لیٹر جاری کر دیتے ہیں اور مریضوں کو ایمبولینس بھی فراہم نہیں کی جاتی۔تھرکے مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جن مریضوں کو ریفر کیا جائے ان کو مفت ایمبولینس سروس بھی مہیا کی جائے۔