خبرنامہ سندھ

تھرکول پروجیکٹ 2020ء تک 2 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے لگے گا‘ چیف سیکرٹری سندھ

کراچی ۔ 17 اکتوبر (ملت + اے پی پی) سندھ کے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے نیشنل مینجمنٹ کالج لاہور کے سینئر مینجمنٹ ونگ کے 15 رکنی وفد نے ڈائریکٹر اسٹاف فضل یزدانی خان کی قیادت میں سندھ سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور چیف سیکرٹری سندھ محمد صدیق میمن سے ملاقات کی۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات محمد وسیم ، محکمہ بجلی و توانائی، خزانہ اور داخلہ کے سیکرٹریوں کے علاوہ ڈی آئی جی، سی آئی اے ڈاکٹر جمیل احمد نے اپنے اپنے اداروں سے متعلق بریفنگ دی۔ وفد کو آگاہ کیا گیا کہ سندھ میں ہوا اور کوئلے سے بجلی کی تیاری کے ساتھ ساتھ شمستی توانائی سے بھی بجلی کی پیداوار کیلئے منصوبے پر عمل ہو رہا ہے۔ تھرکول پروجیکٹ کے تحت 2020ء تک 2 ہزار میگا واٹ بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی جبکہ 60 میگا واٹ کا پاور پروجیکٹ جون 2019ء میں کام شروع کر دے گا۔ کراچی میں پانی کی قلت آب پر قابو پانے کیلئے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے تحت K-4 منصوبے پر کام جاری ہے جس کے ذریعے 260 ملین یومیہ پانی کی فراہمی شروع ہوگی اس منصوبے کو کینجھر جھیل اور گھارو کے آبی ذخائر سے مربوط کیا گیا ہے۔ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے تحت ٹرانسپورٹ کی سہولتیں موثر طرز پر فراہم کی جائیں گی۔ کراچی سرکل ریلوے (کے سی آر) کی معقول سطح پر بحالی کے لئے اقدامات جاری ہیں۔ سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے کچرے کو ٹھکانے لگانے کے لئے اقدامات پر عملدرآمد ہو رہا ہے اور ستمبر 2013ء میں شروع ہونے والے کراچی آپریشن کے تحت جرائم کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔