خبرنامہ سندھ

تیرہ سو روپے من کے حساب سے خریداری شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے

کراچی (ملت + آئی این پی ) سندھ کے محکمہ خوراک نے سندھ میں گندم کی خریداری کے 468مراکز قائم کرنے اور 15مارچ سے لوورسندھ اور یکم اپریل سے اپر سندھ میں ہدف کے مطابق 12لاکھ ٹن گندم 13سو روپے فی من کے حساب سے خریداری شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔یہ اعلان محکمہ خوراک کے سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے پیر کو سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔نثاراحمد کھوڑو نے کہا کہ سندھ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گندم کی خریداری کی شروعات پہلے ہفتے میں 16ایکڑ اراضی رکھنے والے چھوٹے کاشتکاروں سے کی جائیگی اور چھوٹے آبادگاروں کو ایک سو بار دانے کی بوریا ں دی جائینگی جبکہ دوسرے ہفتے سے گندم کی خریداری بڑے کاشتکاروں سے شروع کی جائیگی۔انھوں نے کہا کہ رواں سال ایک کروڑ 20لاکھ بار دانے کی بوریاں آبادگاروں کو فراہم کی جائینگی۔نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ آباد گاروں سے صرف نئی گندم خریدی جائیگی اور پرانی گندم خریدی نہیں جاسکے گی اورآبادگاروں سے گندم کی خریداری اراضی کے ریکارڈ، دفصل کی پڑتال اور آبیانے کی رسیدوں پر صرف حکومت کے جانب سے قائم کیے گئے مراکز پرہی کی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ بار دانے کی شفاف تقسیم کے لیے ریجنل اورضلعی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جن میں ضلعی فوڈ کنٹرولر ، اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر، فوڈ انسپکٹر ،ضلع کونسل کے نامزد نمائندے اور آباد گار بورڈ کے نمائندے شامل ہونگے۔انھوں نے کہا کہ گندم کی خریداری کے دوران شکایت کے ازالے کے لیے اضلاع کے سطح پر ڈپٹی کمشنر ز کی سربراہی میں ازالہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہیں جن میں ضلعی فوڈ کنٹرولر ، تحصیل کا مختیارکار اور آبادگار بورڈ کا نمائندہ ممبر ہونگے۔انھوں نے کہا کہ سندھ میں 50لاکھ ٹن گندم کی پیداور ہورہی ہے اور محکمہ کی جانب سے رواں سال گندم خریداری کا ہدف 12لاکھ ٹن مقرر کیا گیا ہے اور ضرورت پڑنے پر خریداری کے ہدف میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔