خبرنامہ سندھ

تیسری جماعت سے سندھی زبان کی تعلیم کے عمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے، صوبائی وزیر تعلیم

کراچی ۔ 18 اکتوبر (ملت + اے پی پی) صوبائی وزیر تعلیم و خواندگی جام مہتاب حسین ڈہر نے کہا ہے کہ تیسری جماعت سے سندھی زبان کی تعلیم کے عمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ یہ با ت انہو ں نے منگل کے روز اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے نجی اسکولز کی انتظامیہ کے ساتھ جلد میٹنگ منعقد کی جائے گی اور محکمہ تعلیم کے پرائیوٹ انسٹی ٹیوشنز کے ڈائریکٹر جنرل نے اس سلسلے میں تمام نجی اسکولز کو نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی ہر ممکن کوشش ہے نجی اسکولز میں سندھی زبان کی تدریس شروع کی جائے اور تمام نجی اسکولز اس سلسلے میں تعاون کریں۔ علاوہ ازیں وزیر تعلیم جام مہتاب حسین ڈہر نے ڈائریکٹر کالجز کو ہدایات کی کہ وہ کالجز کو فرنیچر کی فراہمی کا عمل جلد شروع کریں کیونکہ کالجز میں تدریسی عمل شروع ہو چکا ہے اور جن کالجز میں فرنیچر کی قلت ہے ان کی ضرورت کے مطابق فرنیچر فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ فرنیچر کی فراہمی کے لئے کالجز کی فہرست میں بمعہ طالب علموں کی تعداد کے ان کے دفتر میں جمع کروائی جائے اور فرنیچر کی فراہمی میں شفافیت کو برقرار رکھا جائے۔ وزیر تعلیم نے خصوصی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شام کے کالجز میں طلباء کی انرولمنٹ کو بھی بڑھایا جائے اور کالجز میں اساتذہ کی حاضری کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں کسی بھی قسم کی شکایت موصول ہوئی تو وہ فوری طور پر کارروائی کریں گے اور ڈی جی کالجز باقاعدگی سے کالجز کا دورہ کریں۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل کالجز ڈاکٹر ناصر انصاری اور ڈائریکٹر جنرل پرائیوٹ انسٹی ٹیو شنز ڈاکٹر منسوب صدیقی نے بھی شرکت کی۔