تیل کی قیمتیں فوری آدھی کردی جائیں ورنہ، بلاول بھٹو
کراچی:(ملت آن لائن) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے حکومت سے تیل کی قیمتیں فوری آدھی کرنے کا مطالبہ کردیا اور مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کی دھمکی بھی دیدی۔ پیپلزپارٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر درعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئےسال کی آمدپرعوام پرمہنگائی کا بم گرایاگیا، ن لیگ کھلم کھلا عوام دشمنی پر اتر آئی ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکمران معصوم پاکستانی عوام کا خون چوس رہے ہیں، پیپلز پارٹی ن لیگ کےمعاشی حملے کا مقابلہ کریگی، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے اور اسکے ذمہ دار شریف برادران ہیں۔ پی پی چیئرمین نے حکومت سے تیل کی قیمتیں فوری آدھی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تیل کی قیمتیں فوری آدھی کردی جائیں ورنہ احتجاج ہوگا۔ نئے سال کے آغازپرپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت تین روپے چھیانوے پیسے فی لیٹر اضافے کے ساتھ نواسی روپے اکانوے پیسے ہوگئی جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں چھ روپے اناسی پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل چھ روپے پچیس فیصد مہنگا کردیا گیا ۔ مٹی کی تیل کی قیمت باسٹھ روپے تیس پیسے ہوگئی ہے۔ وزیر اعظم کےمشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پیٹرول پر سیلز ٹیکس میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا جبکہ ڈیزل پر جی ایس ٹی کم کیا گیا ہے۔