جلاؤ گھیراؤ کیس: ایس ایس پی ملیر راؤ انوار عدالت میں پیش
کراچی:(ملت آن لائن) ایم کیو ایم کے سابق رہنما سلیم شہزاد کے خلاف جلاؤ گھیراؤ کیس میں ایس ایس پی ملیر راؤ انوار عدالت میں پیش ہوئے۔ کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت میں سلیم شہزاد کے خلاف 1992 کے جلاؤ گھیراؤ اور قتل کے مقدمات کی سماعت ہوئی جس کے سلسلے میں ایس ایس پی ملیر راؤ انوار عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ایس ایس پی سے استفسار کیا کہ آپ مقابلے میں ملزمان سے ملنے والے اسلحہ کا فارنزک کیوں نہیں کراتے؟ عدالتی حکم کی پابندی کیوں نہیں کرتے کیوں نہ آپ کو جیل بھیج دیں، جج کا راؤ انوار سے مکالمہ ایس ایس پی ملیر نے جواب دیا کہ مختلف مقابلوں میں ہمارے 2 ڈی ایس پی شہید ہوئے، مقابلوں میں ملزمان سے ملنے والے اسلحے کی فارنزک کرائی تھی۔
راؤ انوار کے مؤقف پر عدالت نے کہا کہ کئی مقدمات میں اسلحے کی فارنزک رپورٹ موجود نہیں جس پر ایس ایس پی ملیر کا کہنا تھا کہ ایسا دوسرے اضلاع کے مقدمات میں ہوتا ہوگا ملیر میں نہیں۔ جلاؤ گھیراؤ کیس میں مسلسل غیر حاضری پر عدالت نے ایس ایس پی کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے تھے جس کے بعد عدالت میں پیشی کے موقع پر جج نے راؤ انوار سے مکالمہ کیا کہ ’آپ عدالتی احکامات کی پابندی کیوں نہیں کرتے کیوں نہ آپ کو جیل بھیج دیا جائے‘۔ ایس ایس پی راؤ انوار ان دنوں 20 روز کی چھٹی پر ہیں اور ان کے خلاف کراچی میں اسٹار گیٹ پر فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات چل رہی ہیں۔