کراچی:(اے پی پی) پی آئی اے ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے حکومت سے مشروط مذاکرات پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے اپنے مقصد کے حصول تک جدو جہد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی آئی اے ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل بلوچ کا کہنا تھا کہ ہمیں مسافروں کی تکلیف اور اذیت کا ادراک ہے لیکن احتجاج ہماری مجبوری ہے اور اپنے مقصد کے حصول تک جدو جہد جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پی آئی اے ملازمین کے مسائل اور مسافروں کی مشکلات کے خاتمے کے لئے فوری طور پر کمیٹی تشکیل دیں، ہم مذاکرات کے لئے تیار ہیں، مذاکرات کیلئے وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ہمارے لئے قابل اعتماد ہیں۔ پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیرمین کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو آئی ایم ایف کے حوالے نہیں کرنے دیں گے اور اپنے مقصد کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمرہ معتمرین کی مشکلات کے پیش نظر درکار عملہ اور سہولیات فراہم کرنے کو تیار ہیں اور فلائٹ آپریشن عارضی طور پر بحال کرنے کے لئے تیار ہیں۔