خبرنامہ سندھ

جہانگیر روڈ پر بس نے چار موٹر سائیکل سوار کچل دیئے

کراچی: (ملت+اے پی پی) کراچی کے علاقے جہانگیر روڈ پر مسافر بس نے چار موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا ، دو افراد جاں بحق دو زخمی ہوگئے ، مشتعل افراد نے پتھرائو کرکے بس کے شیشے توڑ دیئے ۔ کراچی میں تیز رفتار بے قابو بس نے دو نوجوانوں کی زندگی کا سفر تمام کردیا ۔ جہانگیر روڈ پر انٹر سٹی بس نے چار موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا جس سے دو موٹر سائیکل سوار جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے ۔ حادثے کے بعد بس کا ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ پولیس نے بس تحویل میں لیکر تھانے منتقل کردی ۔ حادثے کے بعد مشتعل افراد نے بس پر پَتھرائو کردیا اور آگ لگانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے ہجوم کو منتشر کر دیا ۔ شہریوں کا کہنا ہے انٹرسٹی بسوں کو شہر میں داخلے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے ۔ جاں بحق نوجوانوں کی شناخت فیضان اور جلیس کے نام سے کرلی گئی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حادثات کی روک تھام کے لئے انتظامیہ انٹر سٹی بس سٹاپ شہر سے باہر منتقل کرنے سمیت ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کروائے ۔