خبرنامہ سندھ

حلیمہ قتل کیس:باپ بیٹےکےمتضاد بیانات

کراچی:(آئی این پی)حلیمہ کیسے قتل کوئی؟ وجہ کیا تھی؟ قاتل کون ہے؟ بات اندازوں سے آگے نہ بڑھ سکی۔ پولیس کو مبینہ ملزم رضوان کا کوئی سراغ ملا، نہ قتل کی وجہ معلوم ہو سکی۔ حلیمہ کا سابق شوہر تو سامنے آ گیا لیکن متضاد بیانات کے ساتھ۔ ایدھی سنٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری اقبال نے کہا کہ مقتولہ کے کردار پر شک تھا، اسی لئے چھوڑا۔ ساتھ ہی کراچی نہ آنے کے سوال پر بولے بیمار تھا، اس لئے نہیں آ سکا۔ چودھری اقبال کو اتنا تو یاد ہے کہ شادی قیوم آباد میں ہوئی تھی۔ کتنے سال ہو گئے، یہ یاد نہیں۔ رضوان کو بھی نہیں جانتے۔ اقبال کے بیٹے انصر نے تو معاملہ مزید الجھا دیا، جس کا کہنا ہے کہ اس کے باپ نے طلاق نہیں دی تھی، حلیمہ نے خود مانگی تھی۔ چودھری اقبال اور انصر اقبال کا کہنا تھا کہ قاتلوں تک پہنچنے کیلئے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔