خبرنامہ سندھ

حکومت سندھ تھانے قائم کرنے کا اختیار دے، رینجرزرپورٹ

کراچی(اے پی پی)کراچی میں امن و امان سے متعلق کیس میں رینجرز نے شہر کی صورتحال پر اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی ، رپورٹ میں کہا گیا کہ حکومت سندھ رینجرزکو تھانے قائم کرنے،ایف آئی آر درج کرنے،تفتیش کرنے اور چالان بھی عدالتوں میں پیش کرنے کا اختیار دے ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ رینجرز کو اختیارات سالانہ بنیادوں پر دیئے جائیں، ابھی سندھ حکومت رینجرزکو اے ٹی اے کے تحت تین یا چار ماہ کے لیے اختیارات دیتی ہے ۔امن امان کی صورت حال بہترہوئی،لیکن صورت حال پھربھی نازک ہے، یہ نہیں کہا جاسکتا ہے کہ امن امان کی صورت حال طویل عرصے تک برقراررہ سکتی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈاکٹرعاصم کیس کے بعد رینجرز کو 11 پراسیکیوٹرز دیے گئے،محکمہ داخلہ سے نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا،صوبائی حکومت کا اقدام رینجرزکے قانونی اختیارات کو محدود کرنےکی کوشش ہے۔سپریم کورٹ میں پیش کردہ رینجرز رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک سال کے دوران ناقص تفتیش کے باعث 1100 سے زائد ملزمان رہا ہوئے،رہاہونے والے ملزمان اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ سانحہ صفورا کا اہم ملزم واقعے سے پہلے بھی گرفتار ہوا تھا تاہم 2011ءمیں پولیس کی ناقص تفتیش کےباعث رہا ہوگیا۔