خبرنامہ سندھ

حکومت سندھ نے صوبے میں ٹیکسٹائل سٹی منصوبہ بند کرنے کی سختی سے مخالفت کردی

کراچی (ملت + آئی این پی) حکومت سندھ نے صوبے میں ٹیکسٹائل سٹی منصوبہ بند کرنے کی سختی سے مخالفت کردی ہے،جمعہ کو سندھ میں ٹیکسٹائل سٹی منصوبے کے حوالے سے وزیراعظم کے مشیر برائے قانون بیرسٹر ظفر اللہ خان کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں سیکرٹری صنعت وتجارت سندھ عبدالرحیم سومرو، وفاقی سیکریٹری ٹیکسٹائل، سی ای او آفیسر، چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی اور دیگر حکام شریک ہوئے ۔سیکرٹری صنعت و تجارت سندھ عبدالرحیم سومرو نے اجلاس میں ٹیکسٹائل سٹی منصوبہ بند کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت ٹیکسٹائل سٹی منصوبے کو ختم کرنا چاہتی ہے ۔تاہم حکومت سندھ کسی بھی صورت میں یہ منصوبہ ختم نہیں ہونے دے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ صنعتی حلقے میں بڑی اہمیت کا حامل ہے۔منصوبے سے سندھ میں 80 ہزار ڈائریکٹ اور 80 ہزار ان ڈائریکٹ ملازمتیں میسر ہونگی۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں ٹیکسٹائل سٹی منصوبے سے برآمدات میں اضافہ ہوگا جبکہ منصوبے کو سی پیک میں بھی شامل کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل سٹی منصوبہ سمندر کے قریب پورٹ قاسم میں ہے۔ٹیکسٹائل سٹی منصوبے کی زمین10 ایکڑ پر مشتمل ہے۔ٹیکسٹائل منصوبے کی زمین سندھ حکومت کی ہے۔ عبدالرحیم سومرو نے کہا کہ سندھ کپاس بوائی کا صوبہ ہے۔منصوبے سے سندھ کو مختلف ٹیکسز کی مد میں بھی فائدہ ملے گااور صوبے میں روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے ۔