خبرنامہ سندھ

حکومت کا بھاری مینڈیٹ ایک جھٹکا بھی برداشت نہیں کرسکےگا، چانڈیو

کراچی:(اے پی پی) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ حکومت کا بھاری مینڈیٹ ایک جھٹکا بھی برداشت نہیں کر سکے گا کراچی پریس کلب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ ملکی حالات میں افواہیں زیر گردش ہیں، جمہوریت میں کوئی خوف نہیں ہونا چاہیے لیکن ڈراونی باتیں سننے کو مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں ہر کسی کو آزادی کے ساتھ کام کرنے دیا جانا چاہئے مگر بدقسمتی سے جمہوریت والوں کو بھی خوف پیدا کرنے کا شوق ہے، اپوزیشن کا کام جلسے جلوس کرنا ہوتا ہے لیکن حکومت اپوزیشن سے مقابلہ کر رہی ہے، حکومت کو چاہیے کہ اپوزیشن سے لڑنے کے بجائے پاناما لیکس کے حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرےمولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ایسے رہنما بھی ہیں جنہوں نے مارشل لا کا عذاب برداشت کیا اور مجھے تکلیفیں برداشت کرنے والے رہنما اچھے لگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت مضبوط نہیں ہوئی بلکہ کچھ حکمرانوں نے عوام کو جمہوریت سے مایوس کیا، اپنے دوستوں کی طرف دیکھتا ہوں تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میں پاکستان کے 22 خاندانوں میں شامل ہوگیا ہوں۔ وزیراعظم ٹھنڈے میٹھے اور کچھ وزراء نمک کی ڈھلیاں ہیں، حکومت کا بھاری مینڈیٹ ایک جھٹکا برداشت نہیں کر سکے گا۔ کراچی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ وہ دور گیا جب ایک آواز پر شہر بند ہو جایا کرتا تھا، شہر پر حکمرانی کرنے والوں سے اختیارات چھن جائیں تو پریشانی ہوگی جب کہ نامعلوم افراد کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں بینر لگانے کے معاملے پر قابو پا لیا ہے۔