کراچی (آئی این پی) حکومت نے پی آئی اے کے ہڑتالی ملازمین کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں 15 ڈیلی ویجز ملازمین کو نوکری سے فارغ کردیا ۔جمعرات کو ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے ہڑتال میں شریک ہونے والے پی آئی اے ملازمین کی فہرستوں کی تیاری کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اور جو لوگ ہڑتال میں شریک ہوئے تھے ان کے خلاف کارروائی کا آغازکردیا گیا ہے، حکومت نے پہلے مرحلے میں ڈیلی ویجز ملازمین کو چنا ہے اور ہڑتال میں شرکت کرنے پر 15 لوگوں کو فارغ کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے مستقل ملازمین کی فہرست بھی تیار کی جارہی ہے۔واضح رہے کہ حکومت کی طرف سے پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے ہمیشہ یہی موقف سامنے آتا رہا ہے کہ نجکاری کی وجہ سے ملازمین کی نوکریوں کو کسی قسم کا خطرہ نہیں ہوگا۔(اح)