خبرنامہ سندھ

حیدرآباد: دوروزسےجاری بارش نےشہرکو پانی پانی کردیا

حیدرآباد: (آئی این پی) گلیاں اور سڑکیں تالاب بن گئیں، ہر طرف پانی ہی پانی ہے۔ حیدر آباد میں گزشتہ روز سے جاری بارش نے انتظامیہ کے تمام دعوؤں کا پول کھول دیا۔ پانی کھڑا ہونے سے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ لطیف آباد اور قاسم آباد کے نشیبی علاقوں کے مناظر دیدنی ہیں۔ ریلوے کالونی میں بھی ایک فٹ سے زیادہ پانی جمع ہو گیا ہے۔ مکینوں کی عمر بھر کی جمع پونجی پانی کے رحم و کرم پر ہے۔ لیاقت کالونی، حالی روڈ، اسلام آباد، سٹیزن کالونی، عبداللہ ٹاؤن اور لطیف آباد کے یونٹ نمبر دو، پانچ، گیارہ اور بارہ پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ امریکن اسپتال میں پانی کھڑا ہونے سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بارش کے ساتھ بجلی کی آنکھ مچولی نے بھی رہی سہی کسر پوری کر دی۔ شہریوں نے حکومت سے دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔