خبرنامہ سندھ

حیدرآباد میں مال گاڑی کے5 ڈبے پٹری سےاترگئے

حیدرآباد:(آئی این پی) حیدرآباد سے کراچی جانے والی مال گاڑی کے 5 ڈبوں کے پٹری سے اترجانے کی وجہ سے حیدر آباد ڈاؤن ٹریک پر ریل کی آمد و رفت معطل ہوگئی ہے۔حیدر آباد سے کراچی جانے والی مال گاڑی کے 5 ڈبے پٹری سے اتر گئے،جس کی وجہ سے ڈاؤن ٹریک پر ریل کی آمد و رفت معطل ہوگئی ہے،مسافروں کو شدید کوفت اور پریشانی کا سامنا ہے،ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ریلوے ٹریک بحال میں ہونے میں مزید دوگھنٹے درکار ہیں۔ حیدر آباد ریلوے اسٹیشن میں گذشتہ تین دنوں میں یہ تیسرا بڑا حادثہ ہے، اس سے قبل منگل کو ایک مال گاڑی دوسری طرف سے آتی مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی جبکہ کل ایک ریل گاڑی پٹری سے بھی اتر گئی تھی اور آج مال گاڑی کے ڈبے اترنے کا حادثہ پیش آیا ہے – تسلسل سے پیش آتے اِن واقعات کی وجوہات کے استفسار پر ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ وجوہات جانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور تحقیقات کے مکمل ہونے سے قبل کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔سندھ میں ریل کی پٹریاں اکھاڑنے اور ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اُڑانے کے واقعات عام ہیں، جن میں مبینہ طور پر قوم پرست جماعتیں ملوث ہیں،قوم پرستوں جماعتوں کے کئی کارکنان کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن کے خلاف مقدمات زیرِ سماعت ہیں۔