حیدر آباد:(اے پی پی) حیدرآباد کے مضافاتی علاقے میں واقع گاؤں اللہ بخش بروہی میں پراسرار بیماری سے 7 کمسن بچے دم توڑ گئے جس کا محکمہ صحت نے نوٹس لیتے ہوئے بیماری میں مبتلا درجنوں بچوں کو اسپتال منتقل کر دیا ہے۔محکمہ صحت کے مطابق بچے غذائی قلت کے ساتھ ساتھ خسرے کی بیماری میں مبتلا ہیں۔ لطیف آباد کے علاقے گلستان سرمست کے نزدیک واقع گاؤں اللہ بخش بروہی میں پراسرار بیماری میں مبتلا 7 کمسن بچے ہلاک ہوگئے جن کی عمریں 2 سے 8 سال تک بتائی جاتی ہیں، دیہاتیوں کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ہلاک ہونے والوں میں 4 سالہ سلیم ولد محمد عمر، 2 سالہ شہزادی بنت محمد علی، 6 سالہ زبیر ولد علی اکبر، 8 سالہ جانی ولد دین محمد شیخ، 4 سالہ شہزادی بنت وزیر شیخ، 2 سالہ مصطفیٰ ولد وزیر شیخ اور 3 سالہ پری بنت جمعہ شامل ہیں، محکمہ صحت کو اطلاع دی گئی تو خصوصی ٹیم نے متاثرہ گاؤں پہنچ کر دیگر بیمار بچوں کا چیک اپ کرنے کے بعد بچوں کو گورنمنٹ اسپتال کوہسار منتقل کرا دیا جہاں ان کا فوری علاج شروع کر دیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر احمد حیدر نے ایکسپریس کو بتایا کہ پورا گاؤں غذائی قلت کا شکار ہے اور بچوں کے ساتھ ساتھ ان کے والدین کی جسمانی حالت بھی کافی کمزور ہے، 24 بچوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جنھیں خسرے کی بیماری نے لپیٹ میں لے رکھا ہے، اسپتال میں ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے لیلاں بی بی نے بتایا کہ وہ مزدوری کرتے ہیں اور بچے کافی روز سے بیمار تھے جن کے علاج کیلیے پیسے بھی نہیں تھے، واضح رہے کہ حیدرآباد اور اس کے نواحی علاقوں میں خسرہ اور کن پھیڑ کی بیماریوں نے وبائی صورت اختیار کر رکھی ہے اور یومیہ 50 سے زائد بچوں کو شہر کے سرکاری و نجی اسپتالوں کے علاوہ دواخانوں میں علاج کیلیے لایا جا رہا ہے ۔