خبرنامہ سندھ

حیدر آباد میں راتوں رات الطاف حسین کی سالگرہ کے حوالے سے وال چاکنگ

حیدر آباد:(اے پی پی) شہر میں نامعلوم افراد ایک بار پھر سرگرم ہوگئے جنہوں نے راتوں رات بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی سالگرہ کے حوالے سے بڑے پیمانے پر وال چاکنگ کردی۔ بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی سالگرہ کے حوالے سے 2 روز قبل ہی حیدر آباد کی مصروف ترین شاہراؤں پر نامعلوم افراد نے بڑے پیمانے پر وال چاکنگ کردی ہے جس میں الطاف حسین کو سالگرہ کی مبارکباد دی گئی ہے اور متحدہ کے بانی سے اظہار یکجہتی بھی کیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم ذرائع کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کی سالگرہ ایم کیو ایم پاکستان کے پلیٹ فارم سے منائے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی سالگرہ ان کے کارکنان ہر سال 17 ستمبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں مناتے تھے تاہم الطاف حسین کی اشتعال انگیز تقاریر کے بعد ایم کیو ایم پاکستان نے اپنی پارٹی کے بانی سے مکمل طور پر لاتعلقی کا اعلان کر رکھا ہے۔