خان صاحب کو خیبر پختونخوا سے بھی کچھ نہیں ملے گا: چانڈیو
کراچی: (ملت آن لائن) رہنماء پاکستان پیپلز پارٹی مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ نواز شریف کا رویہ آنے والے دور کیلئے مشکلات کھڑی کرے گا، خان صاحب کو سندھ کیا، خیبر پختونخوا سے بھی کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے نون لیگ پر سندھ کا پانی بند کرنے کا الزام بھی لگا دیا۔مولا بخش چانڈیو نے مزید کہا کہ لاڈلے سعودی عرب دعا کیلئے گئے ہیں لیکن ان پر مزید مشکل وقت آئے گا، سندھ کا پانی بغیر کسی شیڈول بند کرایا گیا جس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، زمینیں غیرآباد کرانے کیلئے پانی بند کرنے کا فیصلہ نون لیگ ہی کر سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیب نے ماضی میں جو سندھ کیساتھ کیا، اس کی تلافی ممکن نہیں، نیب کو یہ طریقہ کار نہیں اپنانا چاہئے، ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں تاہم، وفاقی اداروں پر قوم کا اعتماد بحال کرانے کی اشد ضرورت ہے، عدلیہ کا احترام کرنے کے باوجود تمام سختی ہمارے لئے ہے۔مولا بخش چانڈیو نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے گنے کے کشتکاروں کیساتھ انصاف نہیں کیا، نیب کے آئی او نے جو انکوائری کر کے فیصلہ کرایا ہے، وہ درست نہیں ہے، آپ بار بار ایسے موقع فراہم کرتے ہیں کہ سندھ کے لوگ آپکے خلاف کھڑے ہو جائیں۔