خبرنامہ سندھ

خورشید شاہ کا سکھرکا دورہ

سکھر: (آئی این پی) اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا سکھر کے مختلف علاقوں کا دورہ ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ، ٹھیکیداروں اور متعلقہ افسران کو ترقیاتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایات کی ، نساسک کی ناقص کارکردگی پر اظہار برہمی کیا،سکھر کی حالت زار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات کی ۔ تفصیلات کے مطابق قائد حزب اختلاف خورشید احمد شاہ نے اچانک شہر سکھر کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کیلئے دورہ شروع کر دیا ۔دورے کے موقع پر ان کے ہمراہ رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ ، پی پی کے نامزد مئیر سکھر بیئرسٹر ارسلان شیخ، طارق چوہان، مشتاق سرھیو ، سمیت ضلعی و نساسک افسران موجود تھے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے اچانک دورے کی اطلاعات پر ضلعی افسران کی دوڑیں لگ گئیں اور اپنی کرسی بچانے کیلئے انہوں نے شا ہ صاحب کے آگے جی سر اور یس سر کی سیٹیاں بجانا شروع کر دی۔ شہر میں جاری ترقیاتی کاموں میں سست روی اور نساسک کی جانب سے شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر ٹھیکیداروں اور متعلقہ محکموں کے افسران پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ترقیاتی کام جلد مکمل کرنے اور شہر میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی ہدایات دیں ۔