خوشحالی کی سمت گامزن پاکستان سرمایہ کاری کے لئے پرکشش ہے۔ گورنر سندھ
کراچی:(ملت آن لائن) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ ملک ابتر صورتحال سے نکل کر معاشی وسماجی خوشحالی کی سمت گامزن ہو چکا ہے، اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور تحقیق کے ضمن میں حکومت بھرپور تعاون فراہم کررہی ہے، غیر ملکی ٹیکنالوجی پر انحصار کی بجائے تحقیق سے عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ترقی ہمارا اگلا ہدف ہے، غیر ملکی سرمایہ کاری کا تسلسل غربت اور بے روزگاری کے خاتمے میں معاون ثابت ہو گا۔ بدھ کے روز گورنر ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے دبئی کے مقامی ہوٹل میں روڈ شوز کے تحت پاکستان بزنس کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ کانفرنس جس کا عنوان ’’ابھرتی ہوئی مارکیٹس میں سرمایہ کاری کے مواقع‘‘ تھا، سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر پاکستان بزنس کونسل کے عہدیدار، غیر ملکی سرمایہ کار، صنعت کار، تاجر اور کاروباری افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاک چین دوستی کا عظیم الشان شاہکار سی پیک کی تکمیل سے پاکستان عالمی تجارت میں کلیدی کردار ادا کرے گا، گوادر اور کراچی پورٹس عالمی تجارتی منڈی کی حیثیت اختیار کرلیں گے اس ضمن میں محفوظ سرمایہ کاری کے لئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنارہی ہے، عالمی حالات کی تبدیلی سے مستقبل میں ممکنہ تجارتی راہداری سے غیر ملکی سرمایہ کار فائدہ اٹھانے کے لئے پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کریں، پاکستان باالخصوص صوبہ کی بھرپور استعداد اور سماجی شعبہ میں کام کی گنجائش کے باعث منافع بخش سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع دستیاب ہیں، دبئی کے سرمایہ کار اور دبئی میں سرمایہ کاری سے وابستہ افراد پاکستان کے حالات، استعداد، ہیومن ریسورس اور مستقبل کی راہداری کا جائزہ لیں، پرکشش حالات میں استعداد سے بھرپور مواقع اور اعلیٰ تعلیم یافتہ، محنتی، تجربہ کار ہیومن ریسورس انہیں سرمایہ کاری کی جانب راغب کریں گے۔ گورنر محمد زبیر نے کہا کہ پرامن پاکستان خوشحالی کی سمت گامزن ہے، سرمایہ کاری کے لحاظ سے امن و امان کے قیام اور انرجی کی فراہمی کے لئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنا رہی ہے، طویل عرصہ سے کاروباری سرگرمیوں سے وابستہ ملٹی نیشنل کمپنیاں کراچی میں منافع بخش کاروبار کررہی ہیں، موجودہ حالات میں یہ کمپنیاں مزید سرمایہ کاری میں بھی بھرپور دلچسپی لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی شہ رگ کراچی قدرتی بندرگاہ، استعداد، اعلیٰ تعلیم یافتہ، تجربہ کار، محنتی اور ماہر ہیومن ریسورس کے باعث پرکشش اہمیت کا حامل شہر ہے جس کی ترقی کے لئے وفاقی حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے، شہر میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ، صنعتی فعالیت، تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کے بڑھنے سے معاشی حب بن گیا ہے، شہر کی ضروریات، صنعتی، تجارتی، سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فعالیت کے لئے حکومت انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے لئے بھرپور اقدامات یقینی بنارہی ہے، دنیا کے بڑ ے شہروں میں شمار ہونے والے کراچی میں جدید دور سے ہم آہنگ سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے گرین لائن اور لیاری ایکسپریس وے منصوبہ، پینے کے صاف پانی کے لئے K-IV ، نکاسی آب کے لئے S-III سمیت دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے، اس ضمن میں طویل عرصہ سے التواء کا شکار لیاری ایکسپریس وے منصوبہ موجودہ حکومت نے مکمل کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف کے باوجود پاکستان میں تمام اسٹیک ہولڈرز قومی ترقی و خوشحالی کے لئے ایک پیج پر ہیں، نگراں یا آئندہ حکومتوں میں بھی معاشی اہداف، قومی ترقی و خوشحالی کے لئے اسی رفتار سے کام جاری رہے گا، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اب پاکستان میں قومی اہداف میں یکساں پالیسی واضح نظر آئے گی، طویل عرصہ سے معاشی عدم استحکام نے سیاسی رہنماؤں کو ایک پیج پر جمع کردیا ہے، اس ضمن میں صوبہ کے سیاسی رہنماؤں سے رابطہ کیا گیا تو سب کو صوبہ کی ترقی و خوشحالی کا خواہش مند پایا جو کہ خوش آئند اور روشن مستقبل کی ضمانت بھی ہے۔