خبرنامہ سندھ

خوف نہیں اپنی مرضی سے ایم کیو ایم میں شامل ہوا، منحرف رہنما پی ٹی آئی امجداللہ

کراچی:(اے پی پی) تحریک انصاف کے منحرف رہنما امجد اللہ کا کہنا ہے کہ کسی کے ڈر یا خوف سے نہیں بلکہ اپنی مرضی سے ایم کیو ایم میں شامل ہوا۔ ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے امجد اللہ کا کہنا تھا کہ میں پی ٹی آئی کی کراچی قیادت کے رویئے سے مایوس ہوا جب کہ مجھے بہت سی آفرز تھیں لیکن میں نے ایم کیو ایم میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے کچھ لوگ پی ٹی آئی کو خراب کر رہے ہیں اور ہرآدمی پارٹی میں دکان کھول کربیٹھا ہوا ہے جب کہ عمران خان کہتے ہیں کہ میں سب کو نکال دوں گا اور صرف ایک شخص کو رکھوں گا لیکن انہیں یہ چیزیں دیکھنی چاہیئیں کہ آپ کی جماعت کو کون نقصان پہنچا رہا ہے۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے مکُ مُکا کے الزامات پر امجد اللہ کا کہنا تھا کہ میں نے کسی سے کوئی مُک مُکا ہوا اور نہ سمجھوتہ، کسی پر الزام لگانا پیپلزپارٹی کو زیب نہیں دیتا، میرے پاس پیسوں کی کمی نہیں، میرا پیٹ بھرا ہوا ہے لیکن پیسے لے کر ایم کیو ایم میں شمولیت کے الزامات شرمناک ہیں۔