خبرنامہ سندھ

خیرپور: سائیں کاپروٹوکول؛ روزہ دارشدید مشکلات کا شکار

خیرپور: (آئی این پی) پاکستان جمہوری ملک ہے یا بادشاہوں کی سرزمین؟ یہاں کسی بھی منصب پر بیٹھنے والا شخص پروٹول کا لازماً شوقین نظر آتا ہے۔ سندھ کے بڑے سائیں بھی پروٹوکول کے شوقین نکلے۔ خیرپور میں پولیٹیکل سیکریٹری لعل بخش منگی کی افطار پارٹی میں شرکت کیلئے پہنچے تو قافلے میں ایک نہیں، دو نہیں، چوبیس گاڑیاں شامل تھیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ پولیٹیکل سیکریٹری لعل بخش منگی کے ہاں افطاری کے لئے گئے تو پروٹوکول میں 24 گاڑیاں شامل تھیں۔ پروٹوکول کی وجہ سے افطاری کے وقت خاکی شاہ پل پر چاروں طرف سے ٹریفک کو 30 منٹ کے لئے روک دیا گیا جس کے باعث روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ آدھے گھنٹے سے زائد روکے گئے شہریوں کو اس وقت ہی جانے دیا گیا جب سائیں سرکار کی 24 گاڑیاں گزر گئیں۔